غزہ میں سکول پر اسرائیلی فضائی کارروائی، بچوں سمیت 16 افراد ہلاک: ’بچے کلاس میں قرآن پڑھ رہے تھے جب میزائل حملہ ہوا‘

فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی میں اقوام متحدہ کے زیر انتظام سکول پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 16 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ درجنوں زخمی ہیں۔

غزہ سول ایمرجنسی سروس کے ترجمان محمود بسال نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے کیونکہ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

وسطی غزہ کے علاقے نصیرات پناہ گزین کیمپ میں واقع سکول میں جائے وقوعہ کی ویڈیو میں ملبے اور دھویں سے بھری گلی میں بچوں اور بالغوں کو زخمیوں کی مدد کے لیے چیختے دیکھا اور سنا جا سکتا ہے۔

عینی شاہدین نے بی بی سی کو بتایا کہ حملے میں سکول کی بالائی منزلوں کو نشانہ بنایا گیا جو ایک مصروف بازار کے قریب واقع ہے۔